خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی کے علاقوں درہ حسن زئی اور میر غاڑہ میں چند روز قبل عوام سے بھتہ طلب کرنے والے ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد ایک بار پھر علاقے میں داخل ہو کر مقامی آبادی کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔
آپریشن کی مشترکہ قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی اور کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کرنل مدثر نے کی۔ دہشت گردوں نے پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) پر فائرنگ کی، جس کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کارروائی جاری رکھی اور انہیں فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پولیس، انتظامیہ، ایف سی اور عوام نے متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں پسپا کیا۔ مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور "پاکستان زندہ باد، پولیس زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ کارروائی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ریاست کسی بھی صورت میں دہشت گردوں اور امن دشمن عناصر کو برداشت نہیں کرے گی۔