جنوبی وزیرستان میں غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی، 24 اہلکار معطل

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان اپر میں محکمہ صحت کے 24 اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد طفیل خان شیرانی نے مختلف ہیلتھ سینٹرز کا دورہ کیا اور غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے یہ سخت قدم اٹھایا۔ معطل ہونے والے اہلکاروں کی تنخواہیں بھی فوری طور پر بند کر دی گئی ہیں۔

ڈی ایچ او نے اس معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے ایک باقاعدہ انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی ایچ او محمد طفیل شیرانی نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی بروقت اور شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ کارروائی محکمہ صحت میں نظم و نسق کو بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں