خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے پہاڑی علاقے خیروخیل میں پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور مقامی امن لشکر نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد دہشت گرد کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پولیس کو خیروخیل پہاڑ خیل میں 15 سے 16 مسلح دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ ڈی پی او لکی مروت نزیر خان کی نگرانی اور ڈی ایس پی غزنی خیل حیدر علی خان کی قیادت میں پولیس، ایلیٹ فورس اور بکتربند گاڑیوں نے علاقے کا محاصرہ کیا۔ پولیس اور مقامی ‘چغہ پارٹی’ کے ساتھ دہشت گردوں کی آدھے گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن کے بعد تلاشی کے دوران ایک دہشت گرد کی لاش ملی جس کی شناخت ہارون شاہ ولد فرید اللہ شاہ سکنہ شاہ حسن خیل، ڈیرہ اسماعیل خان کے نام سے ہوئی ہے۔
آر پی او بنوں سجاد خان نے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں تعاون کرنے پر گاؤں خیروخیل کے عوام، امن کمیٹی اور چغہ پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بھرپور تعاون نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف عوام اور پولیس ایک ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی لکی مروت پولیس کی بہادری اور جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے اپنی پولیس کے ساتھ ہیں۔