خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ایک اور ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ‘دا لیگ آف وزیرستان’ کے جنرل سیکرٹری شاہ فیاض خوشحالی آخوندون کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ رزمک بازار میں پیش آیا اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہ فیاض خوشحالی آخوندون ایک گاڑی میں سوار تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور قاتلوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے قریبی راستوں کی ناکہ بندی بھی کر دی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ رزمک بازار میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ اسی نوعیت کا پانچواں واقعہ ہے۔ بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے