ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کی زیرِ نگرانی اور ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر دوآبہ پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ اس آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق، 22 ستمبر 2025 کو عظیم آباد، درسمند کے علاقے میں ایس پی انویسٹیگیشن عبدالصمد خان کی قیادت میں ڈی ایس پی ٹل مجاہد خان اور ایس ایچ او تھانہ دوابہ عمران الدین خان نے البرق کمانڈوز اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران عمر ولد محمد امین سکنہ عظیم آباد کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور سامان برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایک ایل ایم جی (مشین گن)، ایک ایم فور رائفل، تین ریپیٹر رائفلیں، ایک 303 بور رائفل، اور تین 30 بور پستول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، چار ہینڈ گرنیڈ، پانچ سیفٹی فیوز، تین پریشر کوکر، دو دوربینیں، 14 میگزین، 272 مختلف بور کے کارتوس، اور دو کیموفلیج یونیفارم بھی برآمد کیے گئے۔
ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند نے اس موقع پر کہا کہ ہماری پولیس فورس دشمنانِ امن کو ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ ہنگو میں کسی بھی مجرم یا دہشت گرد کے لیے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔ ان کا نیٹ ورک مکمل طور پر تباہ کیا جائے گا اور کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو سختی سے کچلا جائے گا۔ یہ کارروائی ہمارے اس عزم کا عملی ثبوت ہے۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کی بروقت معلومات ایک بڑی دہشت گردی کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ عوام کا تعاون امن و امان کے قیام میں سب سے بڑا ہتھیار ہے۔