لکی مروت میں پاک فوج اور پولیس کا کامیاب مشترکہ آپریشن، 2 دہشت گرد شدید زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سب ڈویژن بیٹنی کے علاقوں میں امن و امان قائم کرنے کی کوششوں میں پیر کے روز سیکیورٹی فورسز کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

پولیس زرائع کے مطابق لکی مروت کی سب ڈویژن بیٹنی کے تھانہ شادی خیل کی حدود میں، پاک فوج اور ضلعی پولیس نے ایک بڑا مشترکہ آپریشن کیا ہے۔

یہ آپریشن بیٹنی کے علاقہ شادی خیل، علی خیل، اور ملحقہ پہاڑی سلسلہ میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے کے لیے کیا گیا۔

پولیس زرائع نے بتایا کہ چھاپہ زنی کے دوران، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاع ہے۔

اس مشترکہ آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ضلعی پولیس اور ایلیٹ کے کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔ آپریشن کی قیادت کے لیے بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر حیدر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان بھی موقع پر موجود تھے۔ اس مشترکہ کارروائی کا مقصد علاقے سے دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں