محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ضلع خیبر نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش خرساں کے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر علاقہ لالہ چینہ دو سارکے علی مسجد کے مقام پر کی گئی جہاں دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی ضلع خیبر کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دائش خرسان کا لوکل کمانڈر فضل نور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مذکورہ مقام پر موجود ہے۔ اطلاع کو مصدقہ جان کر، سی ٹی ڈی کی ایس ڈبلیو اےٹی ٹیم دیگر نفری کے ہمراہ جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر فوری طور پر موقع پر پہنچی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق جیسے ہی سی ٹی ڈی کی ٹیم پہنچی، دہشت گردوں نے ان پر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اپنی حفاظت اور دہشت گردوں کو قابو کرنے کے لیے جوابی فائرنگ کی، جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ فائرنگ روکنے کے بعد کیے گئے سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد موقع پر ہلاک پائے گئے۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد نعیم عرف عبدالناصر اور محمد کریم ساکن کرک، اور نور نبی سکنہ ننگر ہار افغانستان کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق، ہلاک دہشت گرد محمد نعیم عرف عبدالناصر اور محمد کریم چمکنی خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈ بھی تھے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز، بارہ میگزین بمعہ 135 کارتوس، اور تین بنڈولیئر برآمد ہوئے۔
تاہم، کارروائی کے دوران داعش خراساں کا لوکل کمانڈر فضل نور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔