تیراہ واقعہ کے متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم


خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کے 27 جولائی کے افسوسناک واقعے کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کے تحت، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین میں 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔


اس سلسلے میں جرگہ ہال تحصیل تیراہ میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کی نگرانی ضلعی انتظامیہ خیبر نے کی ہے۔ تقریب میں کمانڈر 27 بریگیڈ بریگیڈئیر آصف خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) ارشاد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ اور تحصیلدار تیراہ محمد شباب نے شرکت کی ہے۔


اس موقع پر وادی تیراہ کی مختلف اقوام کے عمائدین، تاجر برادری اور دیگر مقامی افراد بھی موجود تھے۔ یہ امدادی چیکس 22 متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے گئے۔ پیکج کے مطابق، واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 25 لاکھ روپے کے چیکس دیے گئے۔


اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرنا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے۔ یہ امداد حکومت کی جانب سے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی علامت ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں