لکی مروت اور کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ لکی مروت اور کرم اضلاع میں کی گئی دو مختلف کارروائیوں میں کم از کم 11 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی زرائع کے مطابق لکی مروت کے علاقے شیری خیل اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کیا۔ اس آپریشن میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

دریں اثنا، ضلع کرم کے مرکزی حصے میں سیکیورٹی فورسز  کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف ایک اور کارروائی کی گئی۔ علاقہ خیبر ولی نلہ میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بہادرانہ اقدام کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے تھیلوں سے برآمد ہونے والی تحریروں اور نشانات سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ نام نہاد "مجاہدین” دراصل دشمن کے آلہ کار ہیں۔سیکیورٹی زرائع کے مطابق ان کے بیگوں پر بھارتی نشانات اور تحریریں صاف نظر آ رہی تھیں۔

خیبر پختونخوا میں رواں سال اب تک 600 سے زائد دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں، جن میں کم از کم 138 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے جواب میں، سیکیورٹی فورسز نے ملوث دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینکڑوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں