ڈپٹی کمشنر ضلع بنوں محمد فہیم نے دفعہ 144 کے تحت پولیومہم کے دوران ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات اور پولیومہم کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس حکم نامے کے مطابق، 15 سے 19 ستمبر تک پولیومہم جاری رہے گی۔ اس عرصے میں کوئی بھی شخص اسلحہ کی نمائش نہیں کر سکے گا اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہو گی۔ تاہم، پولیومہم میں ڈیوٹی دینے والے پٹواری، سیکورٹی اہلکار اور خواتین کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر بنوں نے بتایا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور دھمکیوں کے پیش نظر یہ اقدامات اٹھانا ضروری تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیومہم کے دوران سیکورٹی اہلکاروں اور پولی ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ پابندی عوامی مفاد میں عائد کی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس حکم نامے کی کاپیاں ضلعی پولیس، پولیومہم کے عملے، متعلقہ حکام اور تمام تحصیلداروں کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ یہ حکم آج، 15 ستمبر 2025 سے نافذ العمل ہے۔