دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک امریکہ تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایک اور ٹیلی فونک رابطے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی سے بات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوحہ پر بلا اشتعال اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور اتوار، 14 ستمبر کو دوحہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تفصیلات اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے منگل کو قطری دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا تھا جس میں حماس کے پانچ ارکان اور ایک قطری سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کی خلیجی ممالک سمیت عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی ہے