وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں افغانستان کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات افغان سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور ایم این اے فیصل امین گنڈاپور بھی تھے۔
وزیر اعلیٰ ہاوس سے جاری بیان میں بتایا گیا کی وزیراعلی نے حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے افغان بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔
افغان سفیر سردار احمد شکیب نے مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا حکومت اور عوام کی جانب سے دل کھول کر امداد دینے پر شکریہ ادا کیا اور اسے خیر سگالی کا بہترین مظاہرہ قرار دیا۔
جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن اور وطن واپس جانے والے افغان باشندوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی پائیدار امن کا واحد ذریعہ ہیں اور صوبائی حکومت اس مسئلے کے دیرینہ حل کے لیے مذاکرات کی خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے حامی بھر لی ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیشرفت کی امید ہے۔ وزیر اعلیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر اس مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے افغان سفیر کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی سطح پر مہاجرین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت سے جڑے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وفاقی اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔