افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے پاکستان، چین، روس اور ایران کے خصوصی ایلچیوں نے دوشنبہ میں ایک اہم چہار فریقی اجلاس منعقد کیا ہے۔
پاکستان کے افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی محمد صادق نے اپنے ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پیج پر لکھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا افغانستان پر مشاورتی اجلاس جمعہ کے روز دوشنبہ میں منعقد ہوا ہے۔ بات چیت میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں طالبان حکام کے ساتھ نتیجہ خیز رابطے اور انسانی امداد کی ضروریات کی حمایت شامل ہے۔
اجلاس میں شریک تمام ممالک نے افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
محمد صادق کے مطابق، یہ بات چیت افغانستان میں ایک پرامن اور مستحکم ماحول کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
محمد صادق نے بتایا کہ شرکا نے اتفاق کیا کہ طالبان حکام کے ساتھ نتیجہ خیز روابط قائم کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں شرکا نے افغانستان میں موجود متعدد دہشت گرد گروہوں کی طرف سے لاحق سنگین خطرات سے نمٹنے پر زور دیا ہے۔