لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے مش مستی خانی میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا ہے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت آصف نواز اور ہارون ساکنان کٹہ خیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے.

دوسری جانب گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے میر قلم پل لکی سٹی کے قریب پولیس اہلکار ثناءاللہ کے گھر پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ مقامی زرائع کے مطابق اس حملے میں پولیس اہلکار کا بھائی اور بیوی دونوں زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر لکی سٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

حالیہ ایک رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر میں تیزی آئی ہے،جہاں رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران صوبے میں دہشت گردی کے 605 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں جن میں 138 عام شہریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں 352 شہری زخمی بھی ہوئےہیں۔اس جاری رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں 351 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 32 ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا گیا۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے کوشاں پولیس فورس کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، رواں سال 79 پولیس اہلکار شہید جبکہ 130 زخمی ہوئے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں