بلوچستان کے ضلع کیچ میں پیر کو پاکستان آرمی کی ایک گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو فوجی شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔
گاڑی ابدوئی سے نیوانو کی طرف جا رہی تھی جب اسے منزل سے 3.3 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں نائیک طاہر اور نائیک بلال نے جام شہادت نوش کیا جبکہ سپاہی منیر، لانس نائیک رب نواز اور سپاہی تحسین شدید زخمی ہوئے۔ دو دیگر فوجی، سپاہی زین اور سپاہی علی زمان کو معمولی چوٹیں آئیں۔
واقعہ کے بعد کوئیک رسپانس فورس کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے اور زخمیوں کو ڈبلیو ایچ کیو نیوانو منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں کمانڈنٹ کی گاڑی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔