خیبرپختونخوا پولیس کا یومِ دفاع پر دہشتگردی کے خاتمے کا عزم

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے یوم دفاع کی مناسبت سے گیریژن ریکریشنل سنٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں محمد سعید اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تقریب کے بعد آئی جی پی نے دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا دورہ کیا۔ اس نمائش میں پاک فوج اور فضائیہ کے علاوہ دیگر محکموں نے بھی اسٹالز لگائے تھے، جن میں سے خیبرپختونخوا پولیس کا اسٹال خاص طور پر توجہ کا مرکز رہا۔


خیبرپختونخوا پولیس کے اسٹال پر فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہونے والے جدید ہتھیاروں اور ساز و سامان کی نمائش کی گئی تھی۔ اس نمائش میں سنائپر رائفلز، اینٹی ڈرون سسٹم، اور اے جی ایل جیسے جدید ہتھیار شامل تھے۔ عوام نے پولیس کے اس اقدام کو بہت سراہا اور پولیس سربراہ کے ساتھ تصاویر بھی کھینچوائیں۔


اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری مسلح افواج کی شجاعت اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، جب انہوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس بھی اپنی دلیر مسلح افواج کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔


انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کو دیرپا امن کا تحفہ دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں