فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ کمیونٹی کو مذہبی مقامات کی بحالی کی یقین دہانی

| شائع شدہ |16:34

فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے جمعہ کے روز پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق اس دورے کا مقصد سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو موجودہ صورتحال اور بارشوں کے اگلے اسپیل کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو بچانے اور امداد فراہم کرنے پر فوجیوں اور سول انتظامیہ کی مربوط اور
انتھک کوششوں کو سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقے کی متاثرہ سکھ کمیونٹی کے ساتھ بھی بات چیت کی اور کمیونٹی کو یقین دلایا کہ دربار صاحب کرتارپور سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر ان کی اصل حالت میں مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے اور ریاست پاکستان اقلیتوں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

سکھ کمیونٹی نے سیالکوٹ سیکٹر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آرمی چیف کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکھ کمیونٹی نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا کہ سول انتظامیہ اور آرمی کی جانب سے اس آفت کے دوران خدمات فراہم کی گئیں۔
-اس موقع پر آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی دورہ بھی کیا
بیان کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران، آرمی چیف نے فعال ردعمل کو سراہا جس سے جانی اور مالی نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران، آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور قوم کی خدمت کے عزم کی تعریف کی ہے۔
فیلڈ مارشل نے چیلنجنگ حالات میں ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے دوران لوگوں کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں