لکی مروت میں پولیس اور امن کمیٹی کا فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل پکہ میں پولیس اور مقامی امن کمیٹی لشکر نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کیا ہے، جس میں دو دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں کے گروہ کا تعلق مقامی کمانڈر ہارون گروپ سے تھا۔


آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب پولیس اور امن کمیٹی لشکر کو فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ دونوں اطراف سے بھاری اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس میں راکٹ لانچر اور دیگر بھاری ہتھیار بھی شامل تھے۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو خوارجی ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ دہشت گرد اپنے ہلاک اور زخمی ساتھیوں کو گھسیٹ کر اپنے ساتھ لے گئے۔ جائے وقوعہ سے خون آلود جوتے اور خون کے نشانات ملے ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ متعدد زخمی دہشت گردوں کو ان کے ساتھی ساتھ لے گئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ اس آپریشن میں ضلعی پولیس کے ہمراہ سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز، البرک اسکواڈ، پولیس موبائلز، اور بکتر بند گاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ علاقے کی نگرانی کے لیے جدید ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا۔ مقامی امن کمیٹیاں اور لشکر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

آئی جی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے اس کامیاب آپریشن پر لکی مروت پولیس کو شاباش دی اور مقامی امن لشکر کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کا لکی مروت کے کونے کونے تک پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشنز دہشت گردوں کے لیے ایک دو ٹوک پیغام ہیں کہ خیبر پختونخواہ پولیس دہشت گردی کی بیخ کنی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

آپریشن کے بعد علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں