اسحاق ڈار 13 سال بعد بنگلہ دیش کے پہلے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ

| شائع شدہ |11:46

ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ہفتے کے روز بنگلہ دیش روانہ ہو گئے ہیں جو کہ گزشتہ 13 سالوں میں کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا ڈھاکہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ بنگلہ دیشی حکومت کی دعوت پر کیا جانے والا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے اس دورے کو ایک "اہم سنگ میل” قرار دیتے ہوئے، دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے نئے عزم کو اجاگر کیا۔ اپنے دو روزہ قیام جو 23-24 اگست کے دوران ہو رہا ہے۔ اس دورے ڈار بنگلہ دیش کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کریں گے، جن میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور مشیر برائے امور خارجہ توحید حسین شامل ہیں۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی خدشات سمیت مختلف امور شامل ہوں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں ایک عرصے تک کشیدگی کے بعد گرمجوشی کے ماحول میں ہو رہا ہے۔ حالیہ کچھ پیش رفتیں، جن میں گزشتہ سال سمندری تجارت کا دوبارہ آغاز، فروری میں حکومت سے حکومت کی سطح پر تجارت میں توسیع اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری دینے کے لیے حالیہ اصولی معاہدہ شامل ہیں جو تعاون کو بہتر بنانے کے واضح عزم کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ کامرس منسٹرز اور فوجی کمانڈروں کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی اس مثبت رفتار کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔
توقع ہے کہ ڈار کے دورے کے دوران دونوں ممالک اقتصادی تعاون کے اپنے عزم کو ٹھوس شکل دینے کے لیے کئی تجارتی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں