بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 50 ہوگئی

| شائع شدہ |11:51

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک تازہ کارروائی میں تین مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد 7 اگست سے اب تک مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ژوب کے علاقے سمبازہ میں 7 سے 9 اگست تک سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد، جس میں 47 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے تھے، 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب پاک-افغان سرحد کے ساتھ ملحقہ علاقوں میں ایک اور آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران، تین مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چار دنوں پر مشتمل اس آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر 50 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں