آئین کو نہ ماننے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، سرفراز بگٹی

| شائع شدہ |18:43

مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ "قومی استحکام پاکستان کانفرنس” میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ جو آئین کو تسلیم کرنے سے انکار کرے اور بندوق اٹھائے، اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ہفتے کے روز کوئٹہ میں منعقدہ کانفرنس میں وزیراعلی نے کہا کہ ایسے ریاست مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
کانفرنس کا مقصد جشن آزادی اور آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی پر پاک فوج کی کارکردگی کو سراہنا اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے علماء، مذہبی اسکالرز، سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت ہر مثبت اقدام کی حمایت کرے گی اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں مکمل امن قائم ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست مضبوط ہے اور اسے بندوق کی نوک پر کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بلوچستان سے جشن آزادی اور امن کا پیغام پوری دنیا کو جائے گا۔ انہوں نے ہندوستان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ہندوستان کے غرور کو خاک میں ملا دیا” اور پوری دنیا آج ہمارے عزم کو سراہ رہی ہے۔
رکن بلوچستان اسمبلی سنجے کمار نے کہا کہ پاک فوج نے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوسی کو ختم کریں تاکہ پاکستان کا پرچم بلند ہو۔ کانفرنس میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء نے اتحاد اور استحکام کے پیغام کو فروغ دینے پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں