بکاخیل تختی خیل میں ایف سی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے حملہ کیا گیا ہے۔حملہ میں مینا خان نامی ایف سی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔
شہید اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ واقعہ کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ہوید کے علاقے میں چھپے دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور بنوں پولیس کا مشترکہ سرچ اینڈ ٹارگیٹڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
یہ آپریشن خفیہ اطلاعات اور انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد علاقے کو دہ۔شت۔گردی کے ناسور سے پاک کر کے پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایات پر، ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کی براہِ راست نگرانی میں آپریشن جاری ہے، جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہیں۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا مزاحمت کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ دہشتگردوں کو فرار یا پناہ کا کوئی موقع نہ مل سکے۔
عوامی تحفظ کے پیشِ نظر علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور گھروں کے اندر رہیں۔ کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ دہشتگردوں کو کسی بھی قسم کی سہولت یا مدد فراہم کرنا سنگین جرم ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بنوں پولیس اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔