خیبر پختونخواہ کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا بازار میں جمعرات کے روز ایک زور دار بم دھماکے میں دو عام شہری شہید اور پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کا نشانہ پولیس کی ایک گاڑی تھی جس کے قریب بم پھٹا۔
دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال وانا منتقل کیا گیا ہے جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
خبر کدہ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق شہداء میں سردار حسین ولد روزی خان سکنہ وچہ دانہ برمل اور محمد عدنان ولد محمد رمضان سکنہ ڈی آئی خان شامل ہیں۔ زخمیوں کی فہرست میں رحمان ولد لعل گل (سکنہ وچہ خوڑہ)، عمر ولد ممید خان (سکنہ دژہ غنڈئے)، گلاپ ولد غفور (وچہ خوڑہ)، محمد رحمان ولد کرنل خان (وچہ خوڑہ)، نیک محمد ولد قسمت خان (کژہ پنگھہ)، زبیر ولد فضل کریم (سکنہ غواہ خولہ)، حفیظ اللہ ولد زرداد جان (سکنہ منتوئی شکئی)، وزیرزادہ ولد قسمت خان (سکنہ تنائی)، مستو خان ولد صدر خان (سکنہ وچہ خوڑہ)، سید رحمان ولد تاج محمد (سکنہ غلجہ)، نعمان ولد الطاف (سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان)، اور قاسم ولد منگل خان (سکنہ توئے خلہ) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کانسٹیبل زبیر ولد سلام خان (سکنہ کاریز کوٹ) اور فریدون ولد محمد زبیر (سکنہ ڈبکوٹ) بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ایک نامعلوم شخص بھی شدید زخمی ہے۔
پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے اور واقعہ کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فی الحال جائے وقوعہ سے دور رہیں۔ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب علاقے میں سیکیورٹی کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری تھیں۔ مزید تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آ سکیں گی۔