پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اگست 2025 کو مستونگ میں ایک کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب دہشت گردوں کے حملے میں 3 فوجی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، “5 اور 6 اگست کی درمیانی شب، بھارتی ایجنٹ تنظیم ’فتنہ الہند‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں تین بہادر سپوتوں، میجر محمد رضوان طاہر جس کی عمر 31 سال تعلق ضلع نارووال، نائیک ابنِ امین عمر 37 سال تعلق ضلع سوات اور لانس نائیک محمد یونس عمر 33 سال تعلق ضلع کرک، نے جام شہادت نوش کیا۔”
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ”شہید میجر رضوان ایک بہادر افسر تھے، جنہوں نے بہت سے انسداد دہشت گردی آپریشنز میں حصہ لیا اور ہمیشہ اپنے جوانوں کی رہنمائی کی۔ علاقے کو کلیئر کرنے کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالا اور ان کو جہنم واصل کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز کا یہ آپریشن جاری رہے گا تاکہ تمام دہشت گردوں کو ختم کیا جاسکے۔ پاکستان کے سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید بلند کرتی ہیں۔”