بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اور شہریوں کی مشترکہ جوابی کارروائی

| شائع شدہ |10:54


خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ وزیر کی حدود میں واقع خونی خیل پولیس چوکی پر گزشتہ رات دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس حملے کے بعد پولیس اور مقامی شہریوں نے مل کر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

دہشت گردوں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے چوکی پر حملہ کیا لیکن پولیس جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ مقامی شہریوں نے بھی اس مشکل وقت میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ پولیس اور شہریوں کی جانب سے مسلسل حملوں نے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں، سلیم عباس کلاچی نے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور شہریوں کے تعاون کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے اس جذبے نے پولیس کا حوصلہ اور بھی بڑھا دیا ہے۔ ڈی پی او نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے جان و مال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور جیت حق کی ہوگی۔
مزید نفری کی تعیناتی
ترجمان بنوں پولیس کے مطابق، مزید نفری کو علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا سکے۔ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں