قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آور مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ایم ایس پوسٹ کی طرف جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران، دو اہلکار حوالدار حکیم اور حوالدار ضیاء الرحمن زخمی ہوئے۔ حوالدار حکیم کو ہاتھ پر جبکہ حوالدار ضیاء الرحمن کو پاؤں پر گولیاں لگیں، تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ایریل سرویلنس بھی کی جا رہی ہے۔