جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بالخصوص ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ہے۔
خصوصی دعوت پر ضلع باجوڑ، خیبر اور شمالی وزیرستان سے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے موجودہ سیکیورٹی چیلنجز کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سویلینز، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیوں میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے سول انتظامیہ، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے دہشت گردی کو ایک ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مستقل بنیادوں پر خاتمے کے لیے حکومت، عوام اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ کمیٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد سب کے مشترکہ دشمن ہیں اور ہر کوئی دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا۔