ایف آئی اے بلوچستان کی حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد رمضا، احمد، عبدالکریم، خیر محمد، عبدالواحد، رحمت اللہ، عبدالباقی، علاؤ الدین، عبدالمالک، عبدالصمد، سید گل، مہدی، سعید خان، حاجی نذیر، حاجی عبدالواحد اور اسداللہ شامل ہیں۔ یہ تمام ملزمان بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا دھندہ چلا رہے تھے۔
چھاپوں کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 39 لاکھ 61 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی بھی پکڑی گئی، جس میں 6047.9 ملین ایرانی ریال، 15 لاکھ 56 ہزار عراقی دینار، 8800 افغانی، 1000 کورین وان، 400 ترکش لیرا اور 144 امریکی ڈالر شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی ملے ہیں۔ جب حکام نے ملزمان سے برآمد ہونے والی کرنسی کے بارے میں پوچھا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں