کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل ٹرین آج ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد میں ایک دھماکے کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئی۔ دھماکہ ٹرین کے گزرنے کے فوراً بعد ہوا جس کے نتیجے میں ٹرین اور مسافر مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ریلوے حکام کے مطابق واقعہ بختیار آباد کی حدود میں پیش آیا ہے۔ دھماکے کی آواز سنتے ہی ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بولان میل کو سبی کے مقام پر روک لیا ہے احتیاطی تدابیر کے طور پر اسی ٹریک پر آنے والی جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور اس کے ذمہ داروں کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ ٹریک کو کلیئر کرنے کے بعد جلد ہی ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کر دی جائے گی۔