وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کے روز بنگلہ دیش کے ہوم منسٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چوہدری سے ڈھاکہ میں ملاقات کی ہے۔ وزارت داخلہ کے آمد پر بنگلہ دیشی ہوم منسٹر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت پر ایک اہم پیش رفت ہوئی اور دونوں ممالک نے اس معاملے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔
دونوں وزراء نے داخلی سلامتی اور پولیس تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی ہے۔ پولیس اکیڈمیوں کے درمیان تربیتی تبادلے کے پروگرامز پر بھی بات چیت ہوئی۔
بنگلہ دیشی ہوم منسٹر نے کہا کہ "میں اپنے بھائی محسن نقوی کو ڈھاکہ آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ آپ کا یہ دورہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔” انہوں نے بنگلہ دیشی پولیس افسران کے لیے تربیتی مواقع کی پیشکش پر وزیر نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید برآں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اس کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی بنگلہ دیشی وفد اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرے گا۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے داخلہ خدا بخش، سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکرٹری سیکیورٹی ڈویژن شمیم خان، پاکستان کے ناظم الامور محمد واصف، پولیٹیکل کونسلر کامران دہینگل، اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔