خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے علاقے گومل تھانہ کے حدود میں واقع گاؤں رغزائی میں ایک افسوسناک واقعے میں مارٹر گولہ گرنے سے دو کمسن بچے شہید ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کے روز رونما ہوا جب یہ دونوں بچے مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلے ہی تھے کہ اچانک ایک مارٹر گولہ ان کے قریب آ گرا، جس کے نتیجے میں دونوں معصوم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ شہید ہونے والے بچوں کی شناخت چھ سالہ عرفات اور چھ سالہ شعیب کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا۔اس دلخراش واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیرستان جانے والی مرکزی شاہراہ کو کوڑ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
شہداء کے اہل خانہ اور اہلِ علاقہ نے لاشوں کے ہمراہ کوڑ کے مقام پر شدید احتجاج کیا اور وزیرستان ٹانک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ مظاہرین نے حکام سے اس واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔