خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کے علاقے کندہ بٹو میں فائرنگ کے ایک واقعے میں مولانا ابراہیم شہید ہو گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مولانا ابراہیم تنگی سے پڑانگ غار جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے راستے میں مولانا ابراہیم کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مولانا ابراہیم موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کا ساتھی شدید زخمی ہوا ہے۔
مولانا ابراہیم کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو تنگی منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر پشاور ریفر کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم مسلح افراد کے خلاف درج کر لی ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔