نائب وزیراعظم او وزیر خارجہ اسحاق ڈار جمعرات 17 جولائی کو کابل کا دورہ کریں گے جہاں ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ملانے والے ریلوے منصوبے کے قابلِ عمل ہونے کے مطالعے کے معاہدے پر دستخط کرینگے۔ وزیر خارجہ اپنے افغان ہم منصب اور افغان وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق
"نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار 17 جولائی 2025 کو ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے منصوبے کے مشترکہ قابلِ عمل مطالعے کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد ہوگا جس میں وزیر ریلوے، افغانستان کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی/خصوصی نمائندہ اور سیکرٹری، وزارتِ ریلوے شامل ہوں گے۔” اس ریلوے منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے جوڑنے اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کو آسان بنا کر اس منصوبے سے علاقائی استحکام، ترقی اور نمو کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کا یہ دورہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی کامیاب تکمیل کو پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ کابل میں تینوں شریک ممالک کے درمیان مشترکہ قابلِ عمل مطالعے کے فریم ورک معاہدے پر دستخط اس کے نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔
دورے کے دوران، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ افغان قائم مقام وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے اور افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم سے بھی ملاقات کر کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کریں گے۔”
اس دورے کی تصدیق افغان وزارت خارجہ نے بھی کی ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورے میں سہ فریقی مشاورتی اجلاس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔