خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقہ وانڈا امیر میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے بیٹنی آئل فیلڈ سے پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی مرکزی گیس پائپ لائن پر حملہ کر دیا۔
صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہونے والے اس دھماکے سے علاقے کو گیس کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران گیس پائپ لائن پر یہ تیسرا ایسا حملہ ہے جس سے توانائی کی حفاظت اور مجموعی سلامتی کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور مرمت کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا اور پائپ لائن کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔
بار بار ہونے والے یہ حملے نہ صرف توانائی کی فراہمی میں خلل ڈال رہے ہیں بلکہ سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔