منگل کو برطانوی حکومت نے پاکستانی طلباء اور کارکنوں کے لیے ای-ویزا کا نظام شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام، جو ایک "بہتر” سرحدی اور امیگریشن نظام کا حصہ ہے جو زیادہ تر طلباء اور ورکرز ویزوں کے لیے فزیکل امیگریشن دستاویزات کو ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس سے بدل دے گا۔
یہ اعلان حال ہی میں دستخط کیے گئے ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم معاہدے اور برطانیہ-پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام کے فوری بعد سامنے آیا ہے۔ یہ اقدامات دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ہیں۔
اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے بیان کے مطابق ای-ویزا برطانیہ میں کسی شخص کی امیگریشن اجازت کا ایک آن لائن ریکارڈ ہے جسے ویزا کے عمل کو ہموار اور محفوظ بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔برطانوی ہائی کمیشن نے نوٹ کیا کہ لاکھوں افراد پہلے ہی منتخب امیگریشن روٹس کے لیے ای-ویزا استعمال کر رہے ہیں۔
ای-ویزا کے لیے اہلیت میں طلباء (بشمول 11 ماہ کی مختصر مدت کی تعلیم حاصل کرنے والے)، مختلف گلوبل بزنس موبلٹی روٹس (سینئر یا اسپیشلسٹ ورکر، گریجویٹ ٹرینی، یو کے ایکسپینشن ورکر، سروس سپلائر، سیکنڈمنٹ ورکر)، گلوبل ٹیلنٹ، انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن، سکلڈ ورکر (بشمول ہیلتھ اینڈ کیئر)، کئی عارضی ورک روٹس (چیریٹی ورکر، کری ایٹو ورکر، گورنمنٹ آتھرائزڈ ایکسچینج، انٹرنیشنل ایگریمنٹ، مذہبی ورک روٹس) اور یوتھ موبلٹی اسکیم شامل ہیں۔
وہ درخواست دہندگان جو زیر کفالت افراد کے طور پر یا تعلیم یا کام کے علاوہ دیگر ویزوں (مثلاً جنرل وزٹر ویزا) کے لیے درخواست دے رہے ہیں انہیں اب بھی فزیکل ویزا کی ضرورت ہوگی۔ جن کے پاس درست فزیکل ویزے ہیں انہیں کوئی کارروائی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے طلباء اور کارکنوں کے لیے ویزا کے عمل کو آسان بنانے پر زور دیا اور درخواست دہندگان کو اپنے پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کے فائدے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تبدیلی موجودہ امیگریشن اسٹیٹس کو متاثر نہیں کرے گی۔ چھ ماہ سے زیادہ قیام کرنے والے ویزا ہولڈرز کو یو کے ویزاز اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ بنانا ہوگا جو ان کے امیگریشن اسٹیٹس کا ایک آن لائن ریکارڈ ہے۔ برطانوی حکومت کا ارادہ ہے کہ بالآخر ای-ویزا اسکیم کو تمام ویزا درخواستوں تک توسیع دی جائے۔