خیبر پختنخواہ کے ضلع بنوں میں رات گئے ایک لرزہ خیز واردات میں سوئی گیس کے ملازم کو لوٹنے اور بے دردی سے قتل کرنے والے دو ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی چھٹی پر گھر آئے ایس ایچ او تھانہ بنوں کینٹ، دمساز خان نے اپنے بھائی کے ہمراہ انجام دی جس پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نقد انعام اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ میرا خیل ،بنوں کی حدود میں ایس ایچ او دمساز خان کی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا۔ علاقہ نصر خیل ،لکی مروت سے تعلق رکھنے والے محکمہ سوئی گیس کے ملازم جسیم خان ولد نواب علی کو سنیچنگ کے دوران گولی ماری گئی اور پھر تیز دھار چھری سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔
واقعے کے وقت دمساز خان اپنے گھر پر موجود تھے جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی۔ فوری طور پر تھرمل سکوپ کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے دو افراد کو مقتول کا گلا کاٹتے ہوئے دیکھا۔ بغیر کسی تاخیر کے ایس ایچ او دمساز خان اپنے بھائی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دونوں ملزمان کو موقع پر ہی دبوچ لیا۔
ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پسٹل، واردات میں استعمال ہونے والا چاقو، مقتول کا موبائل فون اور پرس برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت بنوں کے رہائشی حسن ولد غلام نواز اور سعد لطیف ولد محمد لطیف کے نام سے ہوئی ہے۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے ایس ایچ او کینٹ بنوں دمساز خان کی فرض شناسی، کمٹمنٹ اور جان جوکھوں میں ڈال کر چھٹی کے دن بھی سنیچنگ اور قتل کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر خصوصی شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پولیس افسران و جوان پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں جو فرائض کی ادائیگی کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں۔ آر پی او سجاد خان نے مزید کہا کہ دہشتگردی سمیت سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور ایسے عناصر کا قلع قمع کرکے ہی دم لیا جائے گا۔