پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسرائیل کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران پاکستان حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت پر گہرے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں سفیر مقدم نے کہا کہ "اس تاریخی اور اہم موڑ پر جب ہماری عظیم قوم ایران ایک باوقار اور فیصلہ کن فتح کا جشن منا رہی ہے، جس کا اختتام دشمن پر ایک منصفانہ اور طاقتور جنگ بندی کے نفاذ پر ہوا ہے۔ میں حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔”
سفیر نے خاص طور پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی، سینیٹ کے اراکین، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں، اور پاکستانی میڈیا کی حمایت کو سراہا ہے۔
انہوں نے پاکستان رہنماؤں کے”اصولی اور دلیرانہ مؤقف” کو سراہا جس کا انہوں نے "صیہونی حکومت کی جانب سے برادر، دوست، اور مسلمان قوم ایران کے خلاف ایک غیر منصفانہ اور مسلط کردہ جارحیت” کے مقابلے میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سفیر مقدم نے پاکستانی وزارت خارجہ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ "مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز بشمول اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلسل اور ٹھوس حمایت کی ہے۔”
انہوں نے دونوں اقوام کے دیرینہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ایران اور پاکستان کے عوام اور حکومتیں، پوری تاریخ میں، یکجہتی اور بھائی چارے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں۔ ایران کے عوام پاکستان قوم کی طرف سے کی جانے والی اس تاریخی بھائی چارے اور حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔”
سفیر نے جنگ بندی کو "ایک تاریخی فتح” قرار دیتے ہوئے اپنی بات ختم کی جو "امت مسلمہ کی اجتماعی یادداشت میں فخر، طاقت، خود اعتمادی، ہمت اور حق کی باطل پر حتمی فتح کی ایک لازوال علامت کے طور پر نقش ہو گئی ہے۔”