پاکستان کا قطر میں امریکی فضائی اڈوں پر حملوں پر اظہارِ تشویش

| شائع شدہ |13:27

پاکستان نے قطر میں امریکہ کے العدید ایئربیس پر حملوں کے نتیجے میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال میں سنگین کشیدگی پر گہری تشویش اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول کی حالیہ خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہنے کی تاکید کرتے ہیں اور تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ "پاکستان تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے لیے اپنی موقف کو دہراتا ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اقدامات پر زور دیتا ہے۔”

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی سفیر سے ملاقات

ایک دوسری پیش رفت میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سعودی سفیر سے ملاقات کی جہاں انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ "میں نے سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کی توثیق کی ہے۔ پاکستان خطے میں بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے لیے مملکت سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔”

دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ‘نافذ العمل’ ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں