آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ کے اپنے موجودہ دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں فیلڈ مارشل نے سمندر پار پاکستانیوں کی معیشت اور بیرون ملک ساکھ کے لیے پوری کمیونٹی کے کردار کو سراہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے متن میں کہا گیا کہ "فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران، فیلڈ مارشل نے واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت کی ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا جنہوں نے بڑی تعداد میں ان سے ملنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔”
بیان میں مزید کہا کہ
"سمندر پار پاکستانیوں نے آپریشن بنیان مرصوص / معرکہ حق کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو گرمجوشی سے سراہا، جو ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ادا کیے جانے والے انتہائی اہم اور کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں ان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز کا تبادلہ کیا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کی اہمیت پر زور دیا، اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اشتراک اور تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات ایک نئے عزم اور مقصد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جہاں آرمی چیف اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک زیادہ محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا ہے۔