صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کی پولیس کے مطابق بدھ کے شام ایک نجی کمپنی کے 11 اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں پانچ مغیوں کو پولیس نے بازیاب کرا لیا ہے جبکہ باقی چھ کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ڈی آئی خان پولیس کے ایس پی علی حمزہ نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ افراد کی رہائی کے وقت اغوا کاروں کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد ان افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے۔
حمزہ نے مزید کہا کہ باقی چھ افراد کی رہائی کے لیے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے آپریشنز کل سے جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق اغوا کیے گئے افراد ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے مزدور اور ان کی نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈز تھے جو بلوچستان کی طرف جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں کوئی سرکاری اہلکار شامل نہیں تھا۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے سرچ آپریشنز کو تیز کر دیا ہے اور جلد ہی باقی مغعیوں کو بھی تلاش کر لیا جائے گا۔