خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 12 دہشت گرد ہلاک، ایک افسر سمیت 4 فوجی شہید

| شائع شدہ |12:07

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کے سرحدی علاقے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوجی کارروائیوں میں چار پاکستانی فوجی شہید اور "بھارتی حمایت یافتہ گروہوں” سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کی تفصیلات بتائیے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے شوال کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے اس کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں چھ بھارتی حمایت یافتہ خوارج جہنم واصل ہو گئے۔” اس کارروائی کے نتیجے میں لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل (24) کے ساتھ تین دیگر فوجی نائب صوبیدار کاشف رضا (42)، لانس نائیک فیاقت علی (35) اور سپاہی محمد حمید (26) شہید ہو گئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ اسماعیل "بہادری سے لڑے اور اپنے تین جوانوں کے ساتھ شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔”

ضلع چترال میں ایک دوسری سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

 ائی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بلوچستان میں”بھارتی پراکسی فتنہ الہند” سے منسلک مزید پانچ دہشت گرد دو الگ الگ کارروائیوں میں مارے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لورالائی ضلع میں ایک خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے نتیجے میں چار دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا اور اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد N-70 شاہراہ پر حملوں میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔ مزید ایک دہشت گرد ضلع کیچ  میں ایک جھڑپ میں مارا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ”پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔”

صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا اور فتنہ الہند کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس میں کہا گیا ہے "سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کر رہی ہیں اور قوم متحد ہے۔ فتنہ الہند کے خلاف آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔”

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں